مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے سبھی شہروں اور قریوں میں اٹھارہ رمضان المبارک کی رات سے شروع ہونے والا عزا داری کا سلسلہ پیراکیس رمضان کو بھی جاری رہا۔
آج ایران سمیت پوری دنیا میں شب شہادت امیرالمومنین علیہ السلام اور دوسری شب قدر کی مناسبت سے اہلبیت اطہار کے روضہ ہای مقدس ، مذہبی مراکز، مساجد اور امام بارگاہیں خدا کے عبادتگزار بندوں اور سوگواروں سے مملو رہیں اور دوسری شب قدر کے مخصوص اعمال ، دعا و مناجات ، قرآن خوانی اورعزاداری کا سلسلہ نماز صبح تک جاری رہا۔
فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوۃ والسلام کا روضہ مبارک اس وقت بھی عزاداروں اور سوگواروں سے مملو ہے اور شہر مشہد اور اطراف کے علاقوں سے ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ روضہ مبارک میں آج کی رات بہت بڑی تعداد میں عزاداروں اور سوگواروں نے شب بیداری کی اور ساری رات نوحہ و ماتم اور دوسری شب قدر کے مخصوص اعمال میں بسرکی۔
اس کے علاوہ پورا شہر مشہد مقدس، مولائے متقیان امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے سوگ میں سیاہ پوش ہے اور شہر کی مساجد اور امام بارگاہوں میں بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک میں نماز ظہرین کے بعد سے ہی ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔ قم میں بھی شب اکیس رمضان کی مناسبت سے روضہ مبارک، نماز صبح تک عزاداروں اور دوسری شب قدر کے اعمال بجالانے والوں سے مملو ہے۔
دارالحکومت تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار مقدس، شہر کی ساری مساجد ، امام بارگاہوں ، امام زادوں کے روضوں ، اور دیگر مذہبی مراکز میں بھی آج رات نماز صبح تک عزاداری اور دوسری شب قدر کے اعمال کا سلسلہ جاری ہے۔
امیرالمومنین حضرت علی علیہ الصلوۃ والسلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے اس وقت بھی پورے شہر میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف علاقوں سے ماتمی دستے برآمد کئے گئے ہیں۔
عراق کے مختلف شہروں خاص طور سے مقدس روضوں بالخصوص نجف اشرف میں بھی شب انیس رمضان سے شروع ہونے والا عزاداری کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ شب اکیس رمضان، روضہ امیرالمومنین علیہ السلام میں ہزاروں سوگواروں اور زائرین کا اجتماع رہا جو ساری رات دوسری شب قدر کے اعمال اور عزاداری میں مصروف رہے ۔
تفصیلات کے مطابق روضہ امیرالمومنین علیہ السلام اس وقت بھی زائرین اور سوگواروں سے مملو ہے۔
شام میں ثانی زہرا حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک میں بھی ہزاروں کی تعداد میں سوگواروں اور عزاداروں نے شب اکیس رمضان شب بیداری میں بسر کی اور آپ کے روضہ مبارک میں ہزاروں عزادار آپ کے پدربزرگوار کی عزاداری اور آپ کو پرسہ دینے میں مصروف ہیں۔
آپ کا تبصرہ